ایم کیو ایم کے مطالبات تسلیم اور اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے ہوں گے، عمران خان، اسد عمر کو معاملات دیکھنے کی ہدایت
ایم کیو ایم کے مطالبات تسلیم اور اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے ہوں گے، عمران خان، اسد عمر کو معاملات دیکھنے کی ہدایت

ایم کیو ایم کا کراچی پیکج کی سست روی پر گورنر سندھ سے تحفظات کا اظہار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اپیکس کمیٹی کی مشاورت میں شامل نہ کرنے اور کراچی پیکج کی سست روی پر گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل سے متحدہ قومی موومنٹ کے تین رکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل اور وسیم اختر شامل تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حلیم عادل شیخ اور خرم شیر زمان بھی موجود تھے۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق ملاقات میں کراچی پیکج، وفاقی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے، صوبہ کی ترقی میں اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی پر مشاورت میں شامل نہ کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف نے تشویش کا اظہار کیا جبکہ اپیکس کمیٹی کی مشاورت میں شامل نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے شکوہ کیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبے دیے جارہے ہیں۔
ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ کراچی پیکج پر جلد عملدرآمد سے شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ یقینی ہے۔
گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی افتخار شلوانی کو عہدے سے ہٹادیا تھا اور ان کی جگہ سیکرٹری ایکسائز لئیق احمد کو نیا ایڈمنسٹریٹرکراچی مقرر کیا گیا ہے۔