واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ واپڈا (واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی) 18 دسمبر سے 21 دسمبر تک حب کینال کی صفائی و مرمت کرے گا، جس کے باعث ضلع غربی کو 72 گھنٹوں تک پانی کی فراہمی جزوی طور پر بند رہے گی۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی اسد اللہ خان کو وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی ہے کہ 18 سے 21 دسمبر تک حب کینال کی صفائی و مرمت کے دوران ضلع غربی کو پانی کی فراہمی کے متبادل انتظامات کئے جائیں۔
ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ خصوصی انتظامات کے سبب ضلع غربی حب کینال کی صفائی و مرمت کے دوران مکمل متاثر نہیں ہوگا تاہم ضلع غربی کے مکین احتیاطاً پانی ذخیرہ کرلیں اور کفایت سے استعمال کریں۔
دوسری جانب وزیربلدیات و چیئرمین واٹر بورڈ سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے منگل 15 دسمبر کو بلوں اور نوٹسز میں دی گئی تاریخ ادائیگی گزرنے کے بعد نادہندگان کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیئے۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آر آر جی وقار ہاشمی نے نادہند صارفین کیخلاف گرینڈ آپریشن کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شعبہ انجینئرنگ کے تعاون سے شہر کے مختلف علاقوں میں عمارتوں، ہوٹلز، ریسٹورانٹس اور رہائشی مکانات کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے۔
واٹربورڈ کے عملے نے نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، صدر، کھارادر، گارڈن، بلدیہ ٹاؤن، گڈاپ، گلشن اقبال، سوسائٹی، گلستان جوہر، شیر شاہ، بنارس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بلوں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پانی و سیوریج کے کنکشن منقطع کئے۔