کراچی پولیس نے ٹریفک جام میں اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لیے اسکیٹنگ اسکواڈ میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق10 خواتین اور10 مرد اہلکاروں پر مشتمل فورس ٹریفک جام اور مخصوص حالات میں متاثرہ مقام پر پہنچے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی ٹریننگ حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے، انہیں اسکیٹنگ کے دوران فائرنگ کرنے اور سیڑھیاں عبور کرنے کی تربیت دی جارہی ہے، پہلے مرحلے کے بعد دیگر جوانوں کو بھی اسکیٹنگ فورس جیسی تربیت دی جائے گی۔
کراچی پولیس حکام کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں اسکیٹنگ فورس پولیس اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ پولیس کے اسکیٹنگ اسکواڈ کے لیے ہموار سڑکیں انتہائی محدود ہیں اور شہر کی بیشتر سڑکوں پر گڑھوں ، ٹوٹ پھوٹ اور کچرے کی وجہ سے اسکیٹنگ کرنا ناممکن ہے۔