چین کے فنانشل ریگولیٹری سسٹم پر تنقید کے بعد سے علی بابا کے بانی جیک ما منظر عام سے پراسرار طور پرغائب ہیں۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق جیک ما نے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک فنانشل ٹیکنالوجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی ریگولیٹرز اور ریاستی بینکوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس تقریر کے بعد سے جیک ما منظرعام سے غائب ہیں اور دو ماہ سے زائد عرصے سے وہ عوامی سطح پر نہیں دیکھے گئے۔
جیک ما اعلان کے باوجود اپنے ہی رئیلٹی ٹی وی شو میں بھی نظر نہیں آئے اور ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اکتوبر کے بعد سے کوئی ٹوئٹ بھی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب چینی حکام نے دسمبر میں علی بابا کی اجارہ داری کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔
خیال رہے کہ جیک ما دنیا کی معروف ترین آن لائن ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک چینی کمپنی علی بابا کے بانی ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 48.2 ارب ڈالر ہے۔
کورونا کے دوران جیک ما نے پاکستان سمیت کئی ممالک کی مدد کی تھی اور حفاظتی سامان و آلات بھجوائے تھے۔