ایس ایس پی ضلع سینٹرل ملک مرتضی نے گذشتہ روز ڈاکوؤں سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور جرات مندی کو سراہا۔
سرسید تھانے میں تعینات پولیس اہلکار موٹرسائیکل گشت پر مامور تھے، مشکوک موٹرسائیکل سواروں کے تعاقب کے دوران فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو ہلاک کیا اور شہریوں سے چھینی گئی رقم اور اسلحہ برآمد کیا۔واضح رہے گزشتہ روز ہونے والے پولیس مقابلہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ویڈیوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی ۔ویڈیوں میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ علاقہ مکینوں کی جانب سے سندھ پولیس ذندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے تھے ۔
ایس ایس پی ضلع سینٹرل نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں جوابی فائرنگ سے ڈاکو کو ہلاک کرنے والے اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور کیش انعامات دیئے۔ایس ایس پی سینٹرل نے شاندار کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دی۔انعامات پانے والے پولیس اہلکاروں میں کانسٹیبل نور محمد اور حامد خان شامل ہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی نے کہا کہ ضلع سینٹرل میں امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جان کی پرواہ نہ کرنے والے پولیس کے افسران و جوان محکمے کا فخر ہیں۔