سندھ ہائی کورٹ نے گیس کی قلت پر ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگ لی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں گیس کی قلت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار محمود اختر نقوی کا موقف تھا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، گھروں میں گیس نہیں جس کی وجہ سے روٹی بھی تندور سے لا رہے ہیں، 9 دسمبر 2020 کو عدالت نے جواب طلب کیا مگر جواب بھی نہیں دیا جا رہا، ایم ڈی سوئی سدرن گیس کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے۔ جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ ڈائریکٹر ایس ایس جی سی کو بلا رہے ہیں اور پوچھتے ہیں قلت کیوں ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی حکام آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، بتایا جائے کراچی میں گیس کی کمی کیوں ہے اورگیس کی قلت ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔