انسداد دہشتگردی عدالت نے ہڑتال کے دوران بس جلانے کے کیس میں لیاری گینگ وارکے سرغنہ عزیر بلوچ اورامین بلیدی کو بری کردیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی جس پرعدالت نے عزیر بلوچ اورامین بلیدی کو بری کردیا۔ عدالت نے بس جلانے کے مقدمے میں سات مفرورملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتار جاری کردیے۔ مفرور ملزمان میں حبیب جان، راشد بنگالی، جبار جھینگو، ستار پیڑا، غفار نیازی، شیراز کامریڈ اور جمشید شامل ہیں۔
ملزمان پرالزام تھا کہ انہوں نے 24 اپریل 2012 کو بغدادی کے علاقے میں ہڑتال کے دوران جلاؤ گھیراؤ کیا اورایک منی بس کو نذرِ آتش کردیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عزیر بلوچ 12 جنوری کو قتل کے ایک مقدمے میں استغاثہ کی جانب سے شواہد فراہم نہ کیے جانے پر بری ہوئے تھے۔ نیا سال شروع ہونے کے بعد یہ چھٹا مقدمہ ہے جس میں عزیربلوچ کو بری کیا گیا ہے، رواں سال کے پہلے ہفتے میں بھی انہیں چار مقدمات میں بری کیا گیا تھا۔