کراچی کے علاقے کیماڑی مسان چوک میں دولہے کی گاڑی پر فائرنگ سے دولہےکی گود میں بیٹھا بچہ جاں بحق جبکہ دولہا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچےکی شناخت 11 سالہ سریش کے نام سے ہوئی ہے جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم واردات کے بعد با آسانی فرار ہو گیا۔
دولہا بارات لیکر ملیر سے کیماڑی مسان چوک آیا تھا اور فائرنگ کا واقعہ واپس جاتے ہوئے پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے، دولہے کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والا ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا البتہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کرلیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیماڑی مسان چوک پر دولہا کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والا دلہن کا چچازاد بھائی ہے، جس نےکسی اور سے شادی کرنے پر فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق 10 سالہ لڑکے کی لاش ٹھٹھہ منتقل کردی گئی جبکہ زخمی دلہا اسفند یاد نجی اسپتال زیر علاج ہے، جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج ہوا نہ اہل خانہ کا بیان ریکارڈ ہوسکا، اہل خانہ کے بیان کی روشنی میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق دلہن کے چچا زاد بھائی نے کسی اور سے شادی پر فائرنگ کی، لڑکی کے والد نے بچپن میں ملزم سے بیٹی کی شادی کا کہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن کے چچا زاد بھائی کی گرفتاری کوششیں جاری ہیں۔