کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پی ایس ایل کے دوران سڑکیں کھلی رکھنے کی پولیس کی یقین دہانی پر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی۔
سندھ ہائیکورٹ میں پاکستان سپر لیگ کے دوران سڑکیں بند کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک نے عدالت میں اپنی رپورٹ پیش کی جس پرعدالت نے پوچھا کہ سڑکوں سے متعلق کیا کہیں گے ؟ اس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ تمام سڑکیں کھلی ہوئی ہیں اور تمام کنٹینر ہٹا دیے گئے ہیں، صرف سوک سینٹر سے کارساز تک ایک روڈ جزوی طور پر بند ہے جہاں سے ایمرجنسی کی صورت میں جانے دیتے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کے جواب پر عدالت نے کہا کہ ٹریفک جام والی جگہوں پر پولیس کو تعینات کرایا جائے، شہر میں ہفتے کو اتنا ٹریفک جام تھا کہ کوئی پولیس والا نہیں تھا۔
عدالت نے حکم دیا کہ ٹریفک جام والی جگہوں کی سخت نگرانی یقینی بنائی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے پولیس رپورٹس اور سڑکیں کھلی رکھنے کی یقینی دہانی پر درخواست نمٹادی۔