کراچی: پاکستان مسلم (ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان ہے، یہاں کی عوام بڑی باشعور ہے کہ عمران خان اور انکی لوٹ مار ٹولے نے کس طرح پاکستان کی عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ ملک و ملت کو آگے لیکر جانے کے بجائے ہر شعبے کا جنازہ نکال دیا ہے۔
ضلع وسطی ناظم آباد نمبر 4 کے دورے کے موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر اسلم خٹک ایڈووکیٹ و پارٹی عہدیداران و کارکنان کے ہمراہ ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پیس چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے، آئی ایم ایف کے قرضے منہ پر مارنے، کرپشن مہنگائی ختم کرنے جیسے جھوٹے دعوے کر کے قوم کو بے وقوف بنایا گیا۔
امیر مقام نے کہا کہ کراچی والوں سے بہتر کون جانتا ہے اگر آج ہمارے قائد نواز شریف کی حکومت ہوتی ہے تو کراچی ترقی کے لحاظ سے پیرس بن جاتا۔ قوم کے بچوں کو روزگار آسانی سے ملتے، پر امن فضاء کراچی کا مقدر ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کی کسی ایک بات پر یقین نہیں رکھتی، آج مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے۔ آج بیڈ گورنس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اسی وجہ سے میں آج کراچی کی عوام کے درمیان ایک بھائی کی حیثیت سے آیا ہوں کہ آپ ضمنی الیکشن 249-NA میں روشن اور توانا پاکستان کے لیے کراچی سے بنیاد رکھیں اور ن لیگ کے امیدوار ڈاکٹرمفتاح اسماعیل کو کامیاب کرا کر عمران خان کا بوریا بستر گول کرنے میں اپنا پہلا گول کریں اور پی ٹی آئی الیکشن میں ووٹ مانگنے سے پہلے حلقے کے عوام کو گذشتہ 3 برس کا حساب تو دیں۔
اس موقع پر میز بان ضلعی صدر اسلم خٹک ایڈووکیٹ، میزبان برادرز روزی غنی اور عزت غنی نے مشترکہ طور پر انجینئر امیر مقام اور انکے ہمراہ آئے ہوئے اپنے تمام معززمہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پرسابق MPA رشا خان، نائب صدر سندھ خواجہ غلام شعیب، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سندھ غلام مصطفی ایڈوکیٹ، توقیر رندھاوا ایڈوکیٹ، عبدالرحمن خٹک، دانش چیمہ، محمد آزاد قادری، شبیر احمد خان، عارف کامران، ریاض بوضدار، سلیم میزاری، عبدالقیوم ایڈوکیٹ، ظاہر شاہ، عبدالوہاب، عبدالمالک، جہانزیب، بخت اکرم، انور جمیل، نور عالم ودیگر بھی موجو دتھے۔