کراچی کے علاقے ناظم آباد چھوٹا میدان میں نالے میں گرنے والے 7 سالہ بچےکی لاش نکال لی گئی ہے۔
رات گئے ہیوی مشینری کے ذریعے بچے کی تلاش میں نالے کی صفائی کی گئی لیکن بچہ نہیں ملا تھا جس کے بعد آج صبح دوبارہ ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
ناظم آباد چھوٹا میدان کے علاقے میں 7 سالہ مہیش نالے میں گرگیا تھا، بچے کے ماموں نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ شب 8 بجے پیش آیا۔
ابتدائی طور انہوں نے اپنے طور پر بچے کو ڈھونڈنے کی کوشش کی، ان کی مدد کے لیے کوئی بھی نہیں آیا، پھر اپنے رشتہ داروں اور اہلِ محلہ کے ہمراہ ناظم آباد مین روڈ بلاک کیا تو انتظامیہ ہیوی مشینری کے ہمراہ پہنچی۔
رات گئے بچے کی تلاش میں نالے سے کچرا ہٹانے کا کام جاری رہا لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی، رینجرز پولیس، ریسکیو ادارے کے اہلکار اہلِ محلہ بھی بچے کی تلاش میں سرگرداں رہے۔
اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ بچوں کے نالے میں گرنے کے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں، لیکن انتظامیہ بروقت بچوں کو ڈھونڈنے کے لیے آگے نہیں آتی جس کی وجہ سے نالے میں گرنے والے بچے نہیں مل پاتے۔
مہیش کا رات گئے کچھ پتہ نہیں لگ سکا تھا، جس کے بعد بچے کی تلاش کا کام بھی روک دیا گیا تھا، آج صبح بچے کی تلاش کا کام دوبارہ شروع کیا گیا تو بچے کی لاش برآمد ہو گئی۔