گھر سے تخریب کاری اور دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے۔فائل فوٹو
گھر سے تخریب کاری اور دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے۔فائل فوٹو

سولجر بازار میں گھر میں دھماکا۔ 7 افراد جھلس گئے

کراچی شرقی کے علاقے سولجر بازار میں ایک گھر میں دھماکے کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جھلس گئے، پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا حادثاتی طورپرگیس سے ہوا۔

دھماکا سولجر بازار میں نالے کے کنارے بنے ہوئے 1 گھر میں ہوا، سب سے پہلے جائے وقوع پر پہنچنے والے چھیپا ویلفیئر کے رضا کاروں کے مطابق دھماکے سے گھر میں نصب سامان ٹوٹ کر گرا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سولجر بازار تھانے کے قریب واقع نالے کے ساتھ موجود گھر میں پیش آیا۔سلنڈر دھماکے کے تمام زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دھماکے کے باعث جھلسنے والے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا۔زخمی ہونے والوں میں 40 سالہ خاتون انا زوجہ عمران، 22 سالہ نیلوفر دختر سلیم، 7 سالہ بچہ شایان ولد عمران، اس کی بہنیں 6 سالہ رابعہ عمران، 3 سالہ آمنہ اور 4 سالہ فروا شامل ہیں۔

پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کرگھرکا معائنہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر گھر سے تخریب کاری اور دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے، دھماکا مبینہ طور پر گھر میں گیس جمع ہونے سے ہوا، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔