گلستان جوہر میں جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی میتیں ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ سے لاہورکے لیے روانہ کر دی گئیں۔
ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں میتیں الگ الگ ایمبولینسوں کے ذریعے روانہ کی گئی ہیں،میتوں کے ساتھ بچوں کے والد، چاچا اورایک رشتے دار بھی موجود ہیں۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد محمد عمران نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پہنچنے کے دو سے تین گھنٹے بعد بچوں کو سپردخاک کر دیا جائے گا،لاہور میں میری والدہ اور دیگر بہن بھائی رہائش پذیر ہیں، محمد عمران کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ نورین کے خلاف تینوں بچوں کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ۔
تفتیشی حکام نے نورین کو حراست میں لیا تھا اور ابتدائی تفتیش کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا پوسٹ مارٹم کرا لیا گیا ہے آئندہ 24 گھنٹوں میں کیمیکل اجزا لیبارٹری سے رپورٹس آجائے گی جس کے بعد نامزد ملزمہ کو باقاعدہ گرفتارکرلیا جائے گا۔
محمد عمران نے وثوق کے ساتھ دعویٰ کیا ہے کہ اس کے بچوں زیدان ، عیشال اورارشان کے قتل میں بیوی نورین کے ساتھ اس کی ماں زاہدہ پروین ، بہن کوثر، بہنوئی جاوید اور نورین کا چھوٹا بھائی شعیب بھی ملوث ہوسکتے ہیں، بچوں کی تدفین اور سوئم کے بعد وہ فوری طورپرایف آئی آر کی پیروی کرنے کراچی پہنچ جائے گا۔