کراچی میں تین روز سے جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد بند سڑکیں کھل گئیں اور شہر بھر میں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہوگئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بلدیہ حب ریور روڈ پر جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد روڈ کوٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور شہر میں اس وقت صورتحال معمول پرآگئی ہے اورکہیں پر بھی روڈ ٹریفک کے لیے بند نہیں ہے۔
گزشتہ روز شاہراہ فیصل اسٹارگیٹ پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اورلاٹھی چارج کیا جب کہ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا،کورنگی ڈھائی نمبرپرمظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایچ او سعودآباد اور 5 اہلکار بھی زخمی ہوگئے جب کہ موٹرسائیکلوں اورگاڑیوں پر جانے والے بھی کئی افراد زخمی ہوئے، مظاہرین نے متعددگاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگادی۔