کراچی: جمعہ کو گرمی کی نئی لہر کے اثرات نمایاں رہے، دن کے وقت سمندری ہوائیں بند رہیں، گرمی کا پارہ 38.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تین روزہ گرمی کی لہر کے ابتدائی روز جمعہ کو معمول سے زائد گرمی رہی، دن کے سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں معطل ہوئیں جس کے سبب حدت رہی۔ سمندری ہواؤں کی بندش کے دوران شہر میں شمال مشرقی گرم و خشک ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت کم سے کم پارہ 27 ڈگری رہا، شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہوئیں جس کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، گرمی کی موجودہ لہر اتوار تک برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (ہفتہ) کو مطلع گرم و خشک رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔