انڈونیشیا کی گزشتہ دنوں سے لاپتا آبدوز کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ یہ لاپتا آبدوز بالی کے قریب سمندر کی تہہ میں ٹکڑے ٹکڑے ملی، آبدوز پر سوار 53 اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
انڈونیشین بحریہ حکام کے مطابق لاپتا آبدوز بالی کے سمندر کی تہہ سے ٹوٹی ہوئی ملی اور آبدوز 3 ٹکڑوں میں منقسم ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشین بحریہ کے زیر ملکیت اس آبدوز کو کیا حادثہ پیش آیا، یہ کہنا بھی قبل از وقت ہے۔ تاہم یہ آبدوز بالی کے جزیرے کے شمال میں جنگی مشقیں کر رہی تھی کہ اچانک اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
آبدوز کی گمشدگی می اطلاع ملتے ہی بحریہ کے اہلکاروں کی جانیں بچانے کیلیے کارروائی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا۔ اس سلسلے میں انڈونیشین حکام نے آسٹریلیا اور سنگاپور سے بھی مدد کی اپیل کی تھی۔
اطلاعات کے مطابق اس آبدوز سے اس وقت رابطہ منقطع ہو گیا جب اسے زیادہ گہرائی میں جانے کی اجازت دی گئی۔ انڈونیشیا کی پانچ میں سے یہ ایک آبدوز ہے۔