افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں بم دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور15زخمی ہو گئے۔
کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے بتایا کہ ضلع شکردرہ میں ہونے والے بم دھماکے میں مسجد کے امام سمیت 12 افرادجاں بحق اور 15 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکہ مسجد کے اندر اس وقت ہوا جب لوگ عید الفطرکے دوسرے دن جمعہ کی نماز کے لیے جمع تھے،مزید تحقیقیات جاری ہیں۔
اس سے قبل افغانستان کے صوبوں قندھار اور قندوز میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 9 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق عید الفطرکے موقع پر طالبان اورافغان فوج کی جانب سے تین روزہ سیز فائر کے اعلان کے باوجود افغان عوام کی زندگیاں محفوظ نہیں۔
قندھار میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جب کہ قندوز میں ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جنگ زدہ افغانستان میں متحارب گروپوں نے بارودی سرنگیں بچھائی ہوئی ہیں جس کی زد میں آکر سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں