کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مقررین میں قائم مقام صدر کراچی پریس کلب شازیہ حسن، سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی، ممبر گورننگ باڈی حامد الرحمان اعوان، صدر کراچی یونین آف جرنلسٹ دستورراشد عزیز، سیکریٹری موسٰی کلیم جبکہ کے یوجے برنا کے سیکریٹری فہیم صدیقی، کے یو جے برنا کے صدر اعجازاحمد، جنگ ایمپلائز یونین کے صدر رفیق بشیر اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے لیے ایک ناسور کی مانند ہے، اسرائیلی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہونے والے فلسطینی مجاہدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کمیشن کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے اسرائیل نے میڈیا ہاؤسز پر حملے شروع کر دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور صحافی ہمارا فرض ہے کہ ہم ان مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔
قائمقام صدر پریس کلب شازیہ حسن نے کہا کہ پورے ملک کی صحافی برادری فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو این فلسطین میں امن کے لئے عملی اقدامات کرے۔
ایم پی اے سید عبدالرشید نے کہا کہ یہ ہماری دینی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے لئے کھڑے ہوں۔