کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تیز رفتار کار نے بنگلے کے باہر لگائے گئے سکیورٹی کیمپ کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ دو سکیورٹی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او درخشاں نصیر تنولی نے بتایا کہ ڈیفنس کے علاقے فیز 6 خیابان شہباز پر سیاہ رنگ کی تیز رفتار ہنڈا سوک بی اے پی 469 ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی جس نے بنگلے باہر لگے ہوئے سکیورٹی کیمپ کو روند ڈالا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈرائیور سلطان ولد گل محمد کو گرفتار کر کے کار کو قبضے میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بنگلہ اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید کا ہے اور بنگلے کے باہر سکیورٹی کیمپ لگایا ہوا تھا جس میں 3 افراد موجود تھے، حادثے میں بنگلے کا ڈرائیور 58 سالہ لیاقت ولد محمد نواز جاں بحق ہوگیا جب کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیڈ کانسٹیبل شہزاد اور کانسٹیبل فرحان زخمی ہوگئے۔
نصیر تنولی نے مزید کہا کہ دونوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں اہلکار سکیورٹی ون اور ٹو میں تعینات ہیں جب کہ جاں بحق ہونے والے لیاقت کی لاش بھی ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئی۔
نصیر تنولی نے بتایا کہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔