کراچی میں مون سون کے دوران ایک بارپھرمعمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی وشمالی پنجاب اورسندھ میں معمول سے زائد بارشیں ہونگی جب کہ اس کے مقابلے میں پاکستان کے دیگر حصوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔
کراچی سمیت دیہی سندھ میں مون سون کے دوران ایک بارپھرمعمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے، مون سون کا باقاعدہ آغاز جون کے آخری ہفتے سے ہونے کی توقع ہے، مون سون کا دورانیہ جولائی تا ستمبر 3 ماہ پر مشتمل ہوتا ہے۔گزشتہ برس کراچی میں ریکارڈ توڑ بارشیں ہوئی تھیں، مون سون کی بارشوں کو ماہانہ بنیاد پرمانیٹر کیا جاتا ہے، آنے میں والے دنوں میں سابقہ پیش گوئی کے مقابلے میں تبدیلی ہونے کا امکان رہتا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں اگلے تین روزبھی معمول سے تیز سمندری ہوائیں چلنے کا سلسلہ برقراررہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح و رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں بونداباندی ہونے کی توقع ہے، سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مسلسل بحال رہ سکتی ہیں، زیادہ سے زیادہ پارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، صبح میں نمی کا تناسب 60 سے 70 جبکہ شام میں 50 سے 60 فیصد رہنے کی توقع ہے۔