پولیس نے نجی یونیورسٹی کے ڈائریکٹرپروفیسر ظاہر سید کے قاتل سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان کے مطابق کراچی ایسٹ پولیس نے 48گھنٹو ں سے بھی کم وقت میں ملزمان کو گرفتارکیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایس پی گلشن معروف عثمان نے بتا یا ہے کہ ملزمان نشے میں تھے اورڈکیتی کے دوران فائر کیا گیا ، قتل کی واردات کے دوران رستم پٹھان نامی ملزم نے فائر کیا جبکہ ابراہیم بنگالی موٹر سائیکل چلا رہا تھا،ملزمان نے ذاکر نامی منشیات فروش سے اسلحہ کرائے پر حاصل کیا تھا جسے ملزمان کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ذاکر ہر واردات سے 50فیصد حصہ لیتا تھا ۔
ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان کے مطابق ملزمان نے پروفیسرکے قتل سے پہلے خواتین سمیت دو اور شہریوں کولوٹا تھا۔ دوران تفتیش ملزمان نے 22سے زائد ڈکیتی کی واداتوں کا اعتراف کیا ہے ، ذاکر نامی سہولت کار ایک بار پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ نجی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسرظاہر سید کو گزشتہ روزاسٹیڈیم روڈ پرقتل کیا گیا تھا۔