کے الیکٹرک کی مہربانی سے کراچی میں بجلی بحران جاری ہے، شہر قائد کے ہائی لاسز ایریا میں ساڑھے سات سے دس گھنٹوں کے لیے بجلی بند کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی طویل بندش جاری ہے، طارق بن زیاد سوسائٹی، شاہ فیصل ٹاؤن میں صبح نو بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
صارفین کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں صبح آٹھ بجے، کراچی ایڈمن سوسائٹی کی بجلی صبح نو اور ڈرگ روڈ کینٹ بازار کی بجلی صبح ساڑھے پانچ بجے سے بند ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ مہران ٹائون کورنگی میں روزانہ صبح سویرے اوراکثر رات کو بجلی بند رہتی ہے، سرجانی سیکٹر ایل ون کی بجلی صبح ساڑھے گیارہ بجے اور بہار مسلم سوسائٹی کی بجلی دوپہر بارہ بجے سے بند ہے۔
صارفین کا بتانا ہے کہ عسکری تھری کی بجلی صبح ساڑھے دس بجے، سعدی ٹاؤن اور پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو کی بجلی صبح نو بجے سے بند ہے۔صارفین کے مطابق بار بارشکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی ہے۔