لاہور اور فیصل آباد میں فلور ملز مالکان نے ضلع بھر میں دو روز کیلیے آٹے کی سپلائی روک دی ، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا کہ آج اورکل آٹے کی سپلائی نہیں دیں گے ۔
فیصل آباد میں ضلع کی 48فلور ملز روزانہ 70 ہزار تھیلے مارکیٹ میں فراہم کرتے ہیں ، ملز کی بندش کے باعث مارکیٹ میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔چیئرمین فلورملزکی جانب سے کہا گیا کہ ٹیکسز پرنظرثانی نہ ہوئی تو احتجاج کی مدت اور دائرہ کار بڑھا دیں گے ۔
اس سے قبل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجٹ میں فلورملز انڈسٹری کو ٹرن اوور ٹیکس میں ڈال دیا گیا ، جوسز اور چاول جیسی اشیاءکو آٹے پر فوقیت دی گئی ۔
رہنماؤں نے کہا تھا کہ چوکر پر 17فیصد سیلز ٹیکس عائد کیاگیا ، چوکر پر جی ایس ٹی کے نفاذ سے عوام کو آٹا مہنگا ملے گا، 24اور25جون علامتی ہڑتال کریں گے جبکہ میٹنگ کے بعد 30جون کو پورے ملک میں ہڑتال کریں گے ۔