بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں کورونا کے خاتمے کیلیے ویکسی نیشن مہم جاری ہے تو ایسے میں ویکسین کے خاتمے کیلیے بھی ناسمجھ لوگ ڈنڈے اٹھا کر میدانِ عمل میں نکلے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی دارالحکومت بھوپال کے نواحی گاؤں اومکارا سیونیا میں کورونا ویکسی نیشن ٹیم پہنچی اورکئی لوگوں کو ویکسین کے ٹیکے لگائے۔ ایسے میں پریم سنگھ وشوکر نامی شخص نے آکر ٹیم کو گاؤں سے جانے کیلیے کہا لیکن جب ٹیم نے انکار کیا تو اس نے ڈنڈے سے حملہ کردیا۔ "جہالت” کا ڈنڈا گھوما تو دو نرسیں بال بال بچیں لیکن ویکسی نیشن کا سامان ٹوٹ پھوٹ گیا۔
ویکسی نیشن ٹیم کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں ویکسی نیشن مہم کے ارکان پر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ، اس طرح کے واقعات اجین ، کھنڈوا اور جھبوا سمیت مختلف جگہوں پر پیش آچکے ہیں۔