مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں ن لیگ کی پوزیشن مضبوط ہے، حکومت الیکشن چوری کرنے کی کوشش نہ کرے ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو باور کروا دیا ہے کہ موجودہ حکومت سے نالائق اور عوام دشمن حکومت کبھی نہیں آئی۔ پی ٹی آئی کی پوری جماعت آپس میں گتھم گھتا ہے، جب یہ حکومت جائے گی تو واپس نہیں آئے گی۔ وقت آنے پر حساب کتاب بھی ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی بجائے عوام کی مرضی چلنی چاہیے، بلوچوں کے تحفظات دور کیے جائیں۔ ہماری کسی سے ڈیل نہیں ہوئی،ہم پاگل نہیں کہ اتنی جدوجہد کے بعد کسی سے ڈیل کرلیں گے۔
اسرائیل سے تعلقات کی خبروں کے حوالے سے صحافی نے سوال کیا کہ بہت سارے میڈیا ادارے اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے خبریں چھاپ رہے ہیں لیکن کوئی تردید نہیں آئی ،کیا اسرائیل سے تعلقات قائم ہونے جا رہے ہیں؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ مجھے ایسا ہی لگتا ہے۔ ریاستوں کی خارجہ پالیسی ذاتی پالیسی نہیں ہوتی، خارجہ پالیسی کو اپنے سیاسی حالات کی بنیاد پر نہیں دیکھنا چاہیے، پہلے آپ کو اپنے گھر کو دیکھنا چاہیے، قوم سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے، قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکنا چاہیے۔