راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں پانچ افراد نے گھر میں زبردستی گھس کر شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا، ظلم کا یہ سلسلہ یہیں تھما نہیں بلکہ ملزمان نے واقعہ کی ویڈیو بنائی اور بلیک میل بھی کرتے رہے ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کہوٹہ میں 7 جولائی 2021 کو واقعے کے خلاف درج ایف آئی آر میں خاتون نے موقف اپنایا ہے کہ 26 مئی 2021 کو وہ اپنے 9 سالہ بیٹے کے ساتھ گھر میں موجود تھیں کہ دوپہر 3 بجے مرکزی ملزم کامل شاہ، منیرعرف کالا شاہ اور دیگر تین نامعلوم ملزمان اسلحے کے ساتھ گھر کے دروازے کو توڑ کر میرے رہائشی کمرے میں داخل ہوگئے، اس دوران ایک ملزم نے میرے بیٹے کو آٹھا لیا جبکہ ایک نے مجھے گریبان سے پکڑکرگرا دیا اور میرے کپڑے پھاڑ دیے اور میرے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
متاثرہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ردعمل کے طور پر شور شرابا اور چیخ و پکار شروع کردی، جو پر ملزم کالا شاہ نے دھمکی دی کہ اگرتم ہماری بات نہیں مانو گی، تو تمھاری آنکھوں کے سامنے تمھارے بیٹے کو قتل کردیں گے، چنانچہ ڈر وخوف اور بیٹے کی جان بچانے کی خاطران کی بات ماننے کو تیار ہوگئی۔ جس کے بعد درندہ صفت ملزمان نے اسے باری باری جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اوراس کی ویڈیو ریکارڈ کرلی۔
ایف آئی آر میں خاتون کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان جاتے وقت گھر سے سات لاکھ روپے نقدی، ایک طلائی زیور، ایک عدد چین اور ایک عدد انگوٹی بھی لوٹ کرلے گئے۔ یہی نہیں ویڈیو کو بنیاد بنا کر ملزم کامل شاہ اور منیر کی جانب سے خاتون کو بلیک میل کیا جاتا رہا کہ اگر میں نے ان کی بات نہ مانی تو مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردیں گے، چنانچہ ملزمان کی جانب سے کچھ وقت بعد خاتون سے مزید رقم کا مطالبہ کیا گیا، جس پر خاتون نے ان کی بات نہ مانی اور بلیک میل ہونے سے انکار دیا۔ تاہم ملزمان نے ردعمل کے طور پر مذکورہ ویڈیو کو شوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ جس پران کے شوہرنے انہیں طلاق دے دی تھی۔