اٹلی نے دوسری بار یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا ۔فائل فوٹو
اٹلی نے دوسری بار یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا ۔فائل فوٹو

یورو فٹ بال کپ۔ انگلینڈ کو ہوم گرائونڈ پرشکست۔ شائقین افسردہ

لندن:یورو فٹ بال کپ کے فائنل میں انگلینڈ اوراٹلی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ کے بعد اٹلی نے دو کے مقابلے میں تین گول سے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں اٹلی اورانگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں ابھی میچ کا دوسرا ہی منٹ تھا کہ انگلینڈ کی طرف سے اٹلی کیخلاف پہلا گول کر دیا گیا ،پہلے ہاف کے اختتام تک اٹلی کی طرف سے کئی بار کوشش کے باوجود گول برابر نہ ہو سکا۔

سیکنڈ ہاف کے آغازمیں اٹلی کے کھلاڑی لیونارڈو بونشی گول کرنے میں کامیاب ہوگئےجس کے بعدمقابلہ ایک ایک گول سے برابرہوگیا۔کھیل کے اختتام تک اسکور بورڈ پر یہی پوزیشن رہی ، اضافی وقت دئیے جانے کے باوجود کھیل برابر رہااور فیصلہ پنالٹی ککس پرآگیا ۔

پنالٹی ککس میں اٹلی نے تین اور انگلینڈ نے دو گول کیے اور اس طرح سے انگلینڈ کی طرف سے یورو کپ کا ٹائٹل حاصل کرنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی جبکہ اٹلی نے دوسری بار یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا ، جیت کے بعد اٹلی میں جشن کا سماں چھا گیا ، لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف طریقوں سے خوشی کا اظہار کرتے رہے جبکہ انگلینڈ کی سڑکیں ویران ہو گئیں۔