وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اوربھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے ،مسئلہ کشمیر کے حل سے پورے خطے میں رابطے کھل جائیں گے۔ سی پیک سے خطے کے ممالک میں رابطے مزید بڑھیں گے۔افغانستان میں بدامنی کے لیے پاکستان پر الزامات لگانا غیر منصفانہ ہے،پاکستان پرالزامات سے دکھ ہوتاہے۔
تفصیلات کے مطابق تاشقند میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے ممالک کے درمیان روابط کانفرنس سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے حالات سے ہم براہ راست متاثرہوتے ہیں ،افغانستان میں امن سب ہمسایہ ممالک کے مفاد میں ہے ،افغان جنگ کے دوران 15سال میں 70 ہزارپاکستانی جاں بحق ہوئے، افغانستان میں امن ہماری ترجیح ہے، اسلحہ کے زورپرافغان مسئلے کا کوئی حل نہیں تھا،امریکہ افغانستان میں فوجی حل کی کوشش کرتا رہا جو ممکن نہیں تھا،پاکستان نے روز اول سے کہا افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں مذاکرات ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان پل ہے، طالبان کومذاکرات کی میز پرلانے کیلیے ہرممکن کوشش کی۔افغان امن عمل میں افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر صرف پاکستان ہی لے آیا،خدشہ ہے افغانستان میں بدامنی سے مہاجرین کی ایک نئی لہرآئے گی،پاکستان مزید افغان مہاجرین کی آمد کامتحمل نہیں ہوسکتا۔