کراچی کے علاقے کورنگی نمبر4 میں دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں چھ سالہ بچی کو مبینہ طور پر اغواکرکے زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاش کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور اسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا ۔ بچی کی شناخت ماہم دختر خالد کے نام سے کی گئی۔ اہل خانہ نے زمان ٹاؤن تھانے میں پولیس کو گمشدگی کے بارے میں بروقت مطلع کردیا تھا لیکن پولیس نے بچی کو ڈھونڈنے میں کسی قسم کی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
دلخراش واقعہ کورنگی نمبر4 میں پیش آیا، بچی کی شناخت چھ سالہ ماہم کے نام سے ہوئی ہے،جناح اسپتال کی لیڈی ایم ایل او کے مطابق لڑکی سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے،سفاک قاتل نے زیادتی کے بعد کو بچی کو قتل کیا،بچی کے گلے کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔
مقتولہ بچی کے والد نے دلخراش روداد بتائی کہ بیٹی گذشتہ رات نو بجے زمان ٹاؤن سے لاپتہ ہوئی، بچی کی گمشدگی کی رپورٹ زمان ٹاؤن تھانے میں دی گئی۔
غم سے نڈھال ماہم کے ورثا نے پولیس پرالزام عائد کیا کہ بیٹی کی گمشدگی پر پولیس نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا، رپورٹ درج کرانے کے لئے متعلقہ تھانے گئے تو اہلکاروں نے کہا کہ آپ لوگ ذہنی مریض ہیں، ہمارا وقت خراب نہ کریں اور پولیس اسٹیشن سے چلے جائیں۔
ماہم تین بہنوں میں سب سے بڑی تھی اوراس کا والد مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد تلاش شروع کردی گئی تھی لیکن بدقسمتی سے ماہم کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی تھی ، جس مقام سے ماہم اغوا کی گئی اور جس مقام سے لاش ملی ہے اطراف میں کوشش کی جارہی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز مل سکیں ، پولیس حکام نے مزید بتایا کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔
یاد رہے چند سال قبل پنجاب کے ضلع قصور میں بھی ننھی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرکے اس کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینکا گیا تھا، سوشل میڈیا پر بچی کی تصاویر تیزی سے وائرل ہوئی تھی۔