کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے عرفات ٹاؤن میں گاڑی پارک کرنے کے جھگڑے پر بزرگ خاتون تھپڑ اور دھکے لگنے سے پھسل کر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق عرفات ٹاؤن میں گاڑی کے مالک فرحان نے خاتون کے گھر کے باہر گاڑی پارک کی جس پر خاتون نے اعتراض کیا، تو دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
فرحان نے 72 سالہ بانو زوجہ اسماعیل کو تھپڑ مارا اور دھکے دیے، جس سے بزرگ خاتون زمین پر گر کر بے ہوش ہو گئیں۔
خاتون کو قریبی اسپتال لےجایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں، پولیس کے مطابق خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خاتون کے لواحقین سے رابطے میں ہیں، خاتون کو جب اسپتال لے جایا گیا تو ان کی موت واقع ہو چکی تھی،لواحقین بغیر پوسٹ مارٹم کے خاتون کی لاش لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین اگر قانونی کارروائی کرنا چاہیں گے تو حقائق کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔