ان تاریک 10سال کے اثرات تباہ کن ہیں۔ فائل فوٹو
ان تاریک 10سال کے اثرات تباہ کن ہیں۔ فائل فوٹو

پی ڈی ایم پٹے ہوئے مہروں کا ٹولہ ہے۔فواد چوہدری

اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کے مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا مقصد نواز شریف کو مقدمات میں ریلیف دلانا ہے، ایک طرف برطانیہ میں نواز شریف کے ویزے میں توسیع نہیں ہو رہی تو دوسری جانب پی ڈی ایم ایک بار پھر اپنے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، اس کا کیا مقصد ہے؟۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی  پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ امید تھی کہ شہباز شریف بطور ضمانتی  نواز شریف کی وطن واپسی کو بھی پی ڈی ایم کے ایجنڈے پر رکھتے جس کی انہوں نے عدالتوں میں گارنٹی دے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پٹے ہوئے مہروں کا ٹولہ ہے، مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں، پی ڈی ایم پہلی بار جب احتجاج کے لئے نکلی تو تقسیم ہوئی، پھر حکومت کا استعفیٰ لینے نکلی تو اے این پی اور پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم سے استعفے دیئے، اب پی ڈی ایم کی تحریک کا انجام مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کے استعفوں کی صورت میں ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کی بے کار نشستوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کے عوام کی عمران خان سے وابستگی مزید مضبوط اور گہری ہوتی جا رہی ہے کیونکہ وہ عمران خان کو کامیاب و کامران دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے مسلسل محنت، ثابت قدمی اور شاندار حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کی معاشی تنزلی کے رخ کو تبدیل کردیا ہے، عام آدمی کو ریلیف دینا ان کی پہلی ترجیح ہے، آنے والے ماہ و سال ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ہوں گے۔