کابل ایئر پورٹ ملٹری کے جہازوں کے لیے کھلا رہے گا۔فائل فوٹو
کابل ایئر پورٹ ملٹری کے جہازوں کے لیے کھلا رہے گا۔فائل فوٹو

کابل ائیرپورٹ کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا

کابل :افغانستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ملک کی بدلتی صورتحال کے باعث نوٹم جاری کر دیاجس کے مطابق کابل کا حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کمرشل پروازوں کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے تاہم ملٹری کے جہازوں کے لیے کھلا رہے گا۔

نوٹم میں کہا گیا ہے کہ کابل کی فضائی حدود ری روٹ ہوکر آنے والی پروازوں کے لیے بھی بند رہے گی اورافغانستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی ٹرانزٹ پروازوں کیلئے بھی فضائی حدود بند کردی گئی۔

کابل ائیرپورٹ پر موجود غیر ملکی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کو عام شہریوں سے خالی کرالیا گیا ہے، گزشتہ روز جو افراد یہاں جمع تھے اپنے اپنے گھروں کو جاچکے ہیں تاہم ابھی بھی ائیرپورٹ کی حدود سے فائرنگ کی آوازیں سنیں جاسکتی ہیں تاہم گلیاں سنسان پڑی ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑنے کے لیے حامد کرزئی ایئرپورٹ کے رن وے پر جمع ہوگئے تھے اور ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے والے ہر طیارے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران 3 نوجوان طیارے کے پہیوں سے چمٹ گئے اور طیارے کے فضا میں بلند ہونے کے بعد نیچے گرکر ہلاک ہوگئے۔

اس کے علاوہ ایئرپورٹ پر افراتفری اور ہجوم کے باعث چند افراد نے  زبردستی پرواز میں گھسنے کی کوشش کی تاہم امریکی فوج نے شہریوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی جس سے مزید 7 کے قریب افغان شہری ہلاک ہوگئے۔