عمران خان
عمران خان

وزیر اعظم نے مینار پاکستان واقعے کا نوٹس لے لیا

وزیر اعظم عمران خان نے لاہورگریٹر پارک میں خاتون ٹک ٹاکرپر تشدد اور شاہی قلعہ میں راجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ایک پیغام میں بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو لاہور واقعات سے متعلق ٹیلیفونک رابطے پرآئی جی پنجاب نے تفصیلات سے آگا ہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب کو واقعے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔

زلفی بخاری نے مزید بتا یاکہ پولیس دونوں واقعات میں ملوث مجرمان کوپولیس پکڑرہی ہے، یہ قوانین اورسماجی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، حکومت ان واقعات میں ملوث کسی ایک فردکوبھی نہیں چھوڑے گی۔

یاد رہے کہ یوم آزادی پر مینار پاکستان گراؤنڈ میں عوام کے جم غفیر نے ٹک ٹاکر لڑکی کو زدوکوب کیا۔ ہجوم نے کھینچا تانی کی حد کر دی، خاتون کےکپڑے تک پھٹ گئے۔ ٹک ٹاکر کے ساتھ آئے اس کے 6 ساتھی بھی حملے سے نہ بچ پائے اور موبائل، نقدی اور طلائی زیورات سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ معاملے کا وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیا تھا اور 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔