اسلام آباد: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی افغانستان سے مسافروں کی واپسی کیلیے خصوصی پروازیں جاری ہیں۔ قومی ایئر لائنز کی مزید دو خصوصی پروازیں مسافروں کو لانے کیلیے اسلام آباد سے کابل روانہ ہو گئیں جوآج ہی واپس پہنچیں گی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی ایئربس 320 پر مشتمل خصوصی پہلی پرواز پی کے 6249 اسلام آباد سے کابل روانہ ہوئی تھی، جبکہ بوئنگ 777 پر مشتمل دوسری خصوصی فلائٹ کچھ دیر بعد روانہ ہو گی۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ اے خان کے مطابق دونوں پروازیں آج ہی کابل سے اسلام آباد واپس آئیں گی۔
سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے خود پہلی پرواز کے ساتھ روانہ ہوئے ۔سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کابل ایئر پورٹ پر افغان سول ایوی ایشن اور نیٹو افواج کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
پی آئی اے کے ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ کابل میں پھنسے اقوامِ متحدہ کے 500 سے زائد ارکان کو آج پاکستان پہنچا دیا جائے گا۔ان پروازوں کی روانگی کے بعد وزیرِ ہوابازی غلام سرور مزید پروازوں کی اجازت دیں گے۔
بین الااقوامی میڈیا نے بھی قومی ائیر لائن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانے نے اس حوالے سے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
افغانستان میں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے کئی عالمی تنظیموں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو لایا جا رہا ہے۔ افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے اس کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
قومی ائیرلائن نے کابل سے گیارہ سو افراد کو اپنی پروازو ں کے ذریعے نکالا، جس میں سے زیادہ تر پاکستانی نہیں تھے۔ کابل سے 9 سو سفارت کاروں، صحافیوں، عالمی تنظیموں کے کارکنوں نے پی آئی اے کی سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ اخبار نے پاکستان کی آن آرائیول ویزا پالیسی کو بھی سراہا ہے۔