اسلام آباد:پاکستان میں چینی سفارتخانے نے گوادر ایکسپریس وے پروجیکٹ پر چینی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے کی مکمل تحقیقات اور قصورواروں کو سخت سے سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ’پاکستان میں تمام متعلقہ محکموں سے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات میں تیزی اور سیکیورٹی کے معاملے میں شراکت داری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔
گذشتہ روز بلوچستان کے ساحلی شہرگوادر میں چینی قافلے کے قریب ایک خود کش حملے میں کم از کم دو بچے ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ جمعہ کو ہونے والے اس دھماکے میں چینی انجینیئروں اور کارکنوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا جس میں ایک چینی شہری زخمی ہوا۔