کابل:سابق چیئرمین عزیزاللّہ فضلی کو دوبارہ افغانستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نامزد کردیا گیا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق عزیز اللّہ فضلی افغانستان کرکٹ بورڈ کی لیڈرشپ اورآنے والے مقابلوں کو دیکھیں گے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے توقع ظاہرکی ہے کہ طالبان افغانستان میں کرکٹ کے فروغ کی بھرپور حمایت کریں گے۔
کابل میں طالبان سے ملاقات کے دوران افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے امید ظاہر کی کہ طالبان افغانستان میں کرکٹ کے فروغ کی بھرپور حمایت کریں گے اس دوران افغانستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ نوروز منگل بھی شریک تھے جبکہ طالبان کی نمائندگی جنرل مبین اورقاری سعید نے کی۔
افغانستان میں کرکٹ کی داغ بیل ڈالنے والے اللہ داد نوری کا کہنا ہے کہ افغان کرکٹ طالبان کے دور میں شروع ہوئی، امید ہے طالبان کرکٹ کی خدمت کریں گے، طالبان اپنے لگائے گئے درخت کی آبیاری کریں گے، افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے حوالے سے طالبان کا فیصلہ قبول ہوگا۔ اللہ داد نوری کا کہنا تھا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کیلئے تیار ہوں، افغان کرکٹ کی خدمت میری اولین ترجیح ہے۔