لاہور: بلوچستان سے متعدد بلوچ سیاسی رہنماؤں کا پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد مسلم لیگ ن میں بڑے پیمانے پر بلوچ سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی صدارت میں بلوچستان میں پارٹی صورتحال سے متعلق اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، جمال کاکڑ اور سنیر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن بلوچستان کے قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ نے اپنی رپورٹ پیش کی جبکہ بلوچستان میں نواب ثناءاللہ زہری عبد القیوم بلوچ سمیت لیگی رہنماؤں کی جماعت سے علیحدگی کے بعد کی صورتحال پرغورکیا گیا، ملاقات میں پی ڈی ایم کی تحریک اورآئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے قائد کا بیانیہ ہر صوبے میں مضبوط اور مقبول ہو چکا ہے، ن لیگ نے عوامی خدمت کے ریکارڈ کام کیے، اس ناکام حکومت کی تین سالہ کارکردگی صفر ہے۔ بلوچستان سمیت ملک بھر میں نون لیگ کی مقبولیت کی وجہ ن لیگ کے خوشحال پاکستان ویثرن اور ترقی کا سفر ہے۔