ریپبلکن کے رکن پارلیمنٹ جم بینکس نے الزام عائد کیا ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ کی غفلت کے باعث 85 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے امریکی فوج کا سازوسامان طالبان کے قبضے میں چلا گیا۔
عالمی میڈیا کےمطابق ریپبلکن جماعت سےتعلق رکھنے والےرکن کانگریس جم بینکس نےدعویٰ کیا کہ امریکی فوج کے بے ہنگم اور بے ترتیب انخلا کی وجہ سے طالبان کو 85ارب ڈالرسے زائد مالیت کے امریکی فوجی آلات تک رسائی حاصل ہوگئی۔
جم بینکس نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طالبان اپنے پیچھے چھوڑے گئے امریکی فوجی سازو سامان پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جن میں 75 ہزار گاڑیاں، 200 ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹرز جب کہ 6 لاکھ چھوٹے ہتھیار شامل ہیں۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ طالبان کے پاس اب دنیا کے85فیصد ممالک سے زیادہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز ہیں جب کہ سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ طالبان کے پاس بائیو میٹرک ڈیوائسز بھی ہیں جن میں انگلیوں کے نشانات، آنکھوں کےسکین اور امریکا کی مدد کرنے والے افغان شہریوں کی نجی معلومات رکھی گئی تھیں۔
ریپبلکن رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ صدر جوبائیڈن کی غلط پالیسی اور ان کی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ہوا ہے،افغان فوج نے مقابلہ کرنے کے بجائے پوسٹیں چھوڑ دیں یا ہتھیار ڈال دیئے تھے۔واضح رہے کہ جم بینکس 20 سالہ جنگ کو انتہائی قریب سے دیکھ چکے ہیں اور افغان امور کے ماہر سمجھے جاتے ہیں ۔