کراچی کے علاقے قیوم آباد میں شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا، تین بچوں کی ماں چہرے اور جسم پر تیزاب گرنے کے باعث شدید زخمی ہوگئی، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق قیوم آباد کے علاقے میں گھریلو تنازع پر شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیاجس سے صائمہ نامی خاتون کا چہرہ اور جسم جھلس گیا۔
خاتون کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیاگیا جبکہ ملزم شوہر ساجد ریاض موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم شوہر نشے کا عادی ہے متاثرہ خاتون گھروں میں کام کاج کرکے 3بچوں کو پالتی ہے، خاتون شوہر سے ناراض ہوکر اپنی ماں کے گھر رہ رہی تھی۔
متاثرہ خاتون کے بھائی عامر نے بتایا کہ میرے بہنوئی نے محلے کی دکان سے گٹر بند ہونے کا کہہ کر تیزاب خریدا اور جب شہر بھر میں بجلی کا بریک ڈائون ہوا تب ملزم ساجد آیا اور میری بہن پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا۔عامر کے مطابق تیزاب سے میری بھابھی اور2بچے بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔