نیویارک:سمندری طوفان آئیڈا نے 6 ریاستوں میں تباہی مچادی جس سے 45 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکا میں سمندری طوفان آئیڈا نے 6 شمالی مشرقی ریاستوں میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہوگئے۔ سیلاب کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
طوفان آئیڈا امریکا کے مرکزی علاقوں تک آنے والا تاریخ کا پانچواں شدید ترین سمندری طوفان ہے۔ نیویارک میں 12 افراد کی ہلاکت تہہ خانوں سے باہرنہ نکلنے کے باعث ہوئیں، لوازیانا میں آئیڈا طوفان سےعمارتیں تباہ ہونے سے ایک لاکھ سے زائد گھربجلی سے محروم ہوگئے جب کہ نیوجرسی میں طوفان آئیڈا سے 23 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی کے مطابق نیوجرسی میں کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے اوربارش کے باعث زیادہ ترلوگ اپنی گاڑیوں میں پھنس گئے جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں۔ نیوجرسی، نیویارک اورمن ہٹن میں سیلاب کے باعث بڑی شاہراہیں بند ہوگئیں۔
دوسری جانب ڈیلاویئر، نیو جرسی اور پنسلوینیا میں ٹورنیڈو واچ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ریاست ورجینیا اور ویسٹ ورجینیا میں گورنروں نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا۔