کابل:افغانستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت سے راشد خان کے استعفے کے بعد نئے کپتان کا اعلان کردیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق راشد خان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد نبی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ باقی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔کپتانی سے استعفیٰ دینے والے راشد خان بھی اسکواڈ میں موجود ہیں۔
محمد نبی ٹیم کے کپتان ہونگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں راشد خان ، رحمت اللہ گرباز ، حضرت اللہ زازئی، عثمان غنی، اصغر افغان، نجیب اللہ زردان، حثمت اللہ شہیدی، محمد شہزاد ، مجیب الرحمان ، کریم جنت،گلبدین نائب ، نوید الحق،حامد حسن، شراف الدین اشرف، دالت زردان، شاہ پور زردان اور قیس احمد شامل ہیں۔ افسر زازئی اور فرید احمد ملک ریزرو کھلاڑی ہونگے۔
محمد نبی نے اے سی بی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک مرحلے پرقومی کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 فارمیٹ میں قیادت میرے لیے ایک چیلنج ہے۔ انشاء اللہ ہم مل کر آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے اورعمدہ کھیل پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ افغان کرکٹر راشد خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوگئے تھے۔