پیرس:آسٹریلیا کی جانب سے پیرس سے آبدوزوں کی ڈیل منسوخ کرنے کے بعد واشنگٹن اور لندن کے ساتھ معاہدے کرنے کے تنازعے کے بعد فرانس نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی اجلاس منسوخ کر دیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اتوار کے روز دو باخبر ذرائع نے کہا کہ فرانس کے وزیر دفاع فلورنس پارلے اور برطانوی ہم منصب کے درمیان طے پائی ملاقات منسوخ ہو گئی ہے، یہ ملاقات رواں ہفتے ہونے والی تھی۔ دونوں ذرائع نے برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کی ایک سابقہ رپورٹ کی تصدیق کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی اور برطانوی وزرا دفاع کی ملاقات منسوخ کردی گئی ہے۔
معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے فرانس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیااور کہا کہ امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری جس میں کینبرا کو امریکی آبدوزوں کی فراہمی شامل ہے ، پیرس کے غصے کے باوجود فرانس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
برٹش پریس ایسوسی ایشن کے مطابق بورس جانسن نے نیو یارک کے سفر کے دوران ہوائی جہاز میں صحافیوں کو بتایا کہ لندن اور پیرس کا رشتہ "بہت دوستانہ” اور "بہت اہم” رشتہ ہے۔ فرانس کو برطانیہ سے اٹوٹ محبت ہے۔
دوسری جانب ترجمان فرانسیسی حکومت گیبریل اتل نے کہا کہ امریکی صدرنے فرانس آسٹریلیا آبدوز ڈیل کی منسوخی کے بعد اپنے فرانسیسی ہم منصب عمانویل میکروں سے بات کرنے کے لیے کہا تھا ،ان کا کہنا تھا کہ وہ آنے والے چند دنوں کے اندر فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلیفون پر بات کریں گے۔