کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے، تیز ہوائیں چلنے کے سبب فرئیرہال کے قریب بجلی کا کھمبا گاڑی پرگرگیا جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
ایک درخت بھی گرا جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، اطلاع ملتے ہی کے الیکٹرک کا عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
راشد منہاس روڈ پر تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے 2 کھمبےگرگئے۔ کراچی کے علاقے گلستا ن جوہر میں تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گیا، رکشے میں کئی افراد سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا دوسرا پول بھی کس بھی وقت گر سکتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ کھمبے شاپنگ مال کی پارکنگ سے سڑک پرگرے، جن میں سے ایک سڑک پر موجود رکشے پر گرا، جس کے باعث رکشے کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں سوار افراد محفوظ رہے۔
بجلی کے کھمبا سڑک پر گرنے کے باعث ٹریفک کی روانی میں شدید خلل آگیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو سڑک کی دوسری طرف سے چلایا جا رہا ہے۔
ادھر کراچی کے ایک اور علاقے فیڈل بی ایریا بلاک 15 میں ایک درخت تاروں کے اوپر گر گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو شکایت کی جا چکی ہے، تاہم ابھی تک ٹیم نہیں آئی۔
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے بتایا تھا کہ ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود ہے، کراچی سے یہ ڈیپریشن اس وقت 340 کلو میٹر دور مشرق اور جنوب مشرق میں ہے، یہ ڈیپریشن شدت اختیار کر کے سمندری طوفان بن سکتا ہے، بننے والے طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب رہے گا۔