واشنگٹن۔سوشل میڈیا ویب سائٹس فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ بند ہونے کے باعث کمپنی کے مالک مارک زکر برگ کو لگ بھگ7 ارب ڈالرکا نقصان ہوگیا۔
ارب پتی افراد کی دولت کا تخمینہ جاری کرنے والے فوربز میگزین کے مطابق فیس بک کے شریک بانی مارک زکر برگ کو پیر کے روز فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ بند ہونے کے باعث اب تک 7 ارب ڈالرکا نقصان ہوچکا ہے اور وہ ارب پتی افراد کی فہرست میں ایک درجہ نیچے چلے گئے ہیں۔
حالیہ نقصان کے باعث مارک زکر برگ کے اثاثوں کی مالیت 116 ارب 30 کروڑ ڈالر رہ گئی ہے اور وہ دنیا کے پانچویں امیر ترین شخص سے ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پرآگئے ہیں۔
دوسری جانب فیس بک کمپنی کو بھی شیئرز مارکیٹ میں بڑے نقصان کا سامنا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں اب تک فیس بک کے شیئرز کی ویلیو5.41 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔ بریک ڈاؤن کے بعد سے فیس بک کے ایک شیئر کی قیمت میں 18.67 ڈالر کی کمی آئی ہے اور یہ 324.45 ڈالر کا رہ گیا ہے۔