عمر شریف کا جسد خاکی ترکش ائیر لائن ٹی کے 708کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا ۔فائل فوٹو
عمر شریف کا جسد خاکی ترکش ائیر لائن ٹی کے 708کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا ۔فائل فوٹو

عمر شریف کا جسد خاکی کراچی ایدھی سینٹر سے گھر منتقل کر دیا گیا

کراچی:لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کا جسد خاکی کراچی ایدھی سینٹرسے گھر منتقل کردیا گیا جبکہ ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر تین بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں ہو گی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق عمر شریف کا جسد خاکی ترکش ائیر لائن ٹی کے 708کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا ، ان کی بیوہ زرین غزل جسد خاکی کے ہمراہ پاکستان پہنچیں ،جرمنی میں پاکستانی قونصل جنرل امجد علی بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچے ۔

کراچی ائیرپورٹ کارگو ٹرمینل پر جسد خاکی بیٹوں کے حوالے کیا گیا ، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بھی کارگو ٹرمینل پہنچے ، جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کے بیٹوں کے حوالے کیا گیا  ۔

کامیڈی کنگ عمر شریف کو آج (بدھ  کے روز)سپرد خاک کیا جائیگا ،اُن کی تجہیز و تکفین کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی، مرحوم کی نماز جنازہ کلفٹن کے عمر شریف پارک میں ادا کی جائیگی، نماز جنازہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی اور معروف عالم دین مولانا بشیر فاروقی پڑ ھائیں گئے نماز جنازہ میں اعلی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر انتظامیہ نے یہاں سیکیورٹی انتظامات سخت کر رکھے ہیں۔

معروف کامیڈین عمر شریف کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی میت پارک سے تین کلو میٹر دوری پر واقع درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی لائی جائیگی، جہاں محکمہ اوقاف نے تدفین کے انتظامات مکمل کر لے ہیں، ان کی لحد معروف اینکر پرسن اور ایم این اے عامر لیاقت کی والدہ محترمہ محمودہ سلطانہ کی قبر کے قریب تیار کی گئی ہے، اس کمپاؤنڈ میں قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ شیریں جناح اور ان کے صاحبزادے آرام فرما ہیں، عمر شریف کی تدفین میں کثیر تعداد میں مداحوں کی شرکت کے پیش نظر مزار سید عبداللہ شاہ غازی پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔