اوسلو:ناروے میں ایک شخص نے تیر کمان سے حملہ کرکے 5 افراد کو ہلاک اور2 دیگرکو زخمی کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ناروے کے قصبے کانگس برگ میں ایک تیر کمان بردار شخص نے ایک سپر مارکیٹ کے قریب لوگوں پر تیر برسانے شروع کردیے جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔
واقعے کے بعد کانگس برگ کے متعدد علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ ناروے کی انٹلی جنس سروس کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ناروے میں عام طور پر پولیس مسلح نہیں ہوتی لیکن پولیس ڈائریکٹوریٹ نے حملے کے بعد تمام پولیس افسران کو احتیاطاً اسلحہ رکھنے کا حکم دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ مشتبہ 37 سالہ شخص ڈنمارک کا شہری ہے۔ اس حملے کی تفتیش کی جارہی ہے،فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا یا نہیں۔ ہم تمام امکانات پر غور کررہے ہیں ابتدائی معلومات سے ایسا لگتا ہے کہ ملزم نے یہ واردات اکیلے ہی انجام دی ہے۔
واضح رہے کہ ناروے میں جولائی 2011 میں بھی دائیں بازو کے انتہاپسند آندریس بریویک نے اوسلو میں بم حملہ اور فائرنگ کرکے 77 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔