کابل:ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز بھی جلد کھول دیے جائیں گے۔
قطرکے نشریاتی ادارے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان حکومت کے وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بہت جلد لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دیں گے۔
ترجمان سعید خوستی نے مزید کہا کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز کھولنے کی تاریخ کا باضابطہ اعلان وزارت تعلیم جلد ہی ایک پریس کانفرنس میں کرے گی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ میری معلومات کے مطابق نہ صرف لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز بلکہ یونیورسٹیز بھی کھول دی جائیں گی۔ ملک میں لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم کی اجازت ہوسکے گی۔
قبل ازیں طالبان نے کہا تھا کہ لڑکیوں کے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایک فریم ورک ترتیب دیا جا رہا ہے تاہم سعید خوستی نے یہ نہیں بتایا کہ کن شرائط پر اور اصول و ضوابط پر لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل یونیسیف کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عمر عبدی نے بھی میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ دورہ کابل کے دوران طالبان نے انھیں جلد لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز کھولنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔