مہنگائی بڑھے تو سمجھو، وزیراعظم چور ہے۔ شہباز شریف

اسلام آباد:اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ قوم سے خطاب میں وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ پٹرول مہنگا ہوگا ،قوم کو یہ سبق یاد ہوچکا ہے کہ مہنگائی بڑھتی ہے تو وزیراعظم چور ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ  حکومت کے وعدوں اور بجٹ کی طرح نام نہاد ریلیف پیکج بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں، کیا بجٹ دیتے ہوئے نہیں کہاگیا تھا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے؟، پٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی؟، ریلیف اور پی ٹی آئی دو متضاد چیزیں ہیں ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کا بھرکس نکال دیا ، ریلیف اور پی ٹی آئی دومتضاد چیزیں ہیں،غلط بیانی کرنے والی حکومت کی کسی بات پر قوم کو اعتماد نہیں ،ملک میں چینی کا ذخیرہ 15 روزکا رہ گیا ہے اورخطاب کا شوق پورا کیاجارہا ہے ، مہنگائی کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد خطاب کی نہیں،استعفٰی دینے کی ضرورت ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی حکومت اپنی نااہلی، نالائقی ، غلط فیصلوں اورکرپشن چھپا نہیں سکتی ، حکومت کیسے ہوتی ہے، نوازشریف نے دکھایا تھا۔