ابوظہبی ۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10نومبرکو کھیلا جائے گا ، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 11نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں نبردآزما ہوں گی ۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2021کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی، پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے، پاکستانی ٹیم مسلسل پانچ فتوحات کے ساتھ میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔
گرین شرٹس نے ورلڈکپ سپر 12 رائونڈ کے گروپ ٹو میں روایتی حریف بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اوراسکاٹ لینڈ کی ٹیموں کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ دوسری جانب، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے چار، چار کامیابیاں حاصل کیں۔ میگا ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں 10 نومبرکو نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کی ٹیمیں شیخ زاہد سٹیڈیم ابو ظہبی کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔
11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا ٹاکرا آسٹریلیا سے ہو گا اور یہ میچ انٹرنیشنل اسٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل اور فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔