سردیاں شروع ہونے سے پہلے ہی شہر قائد میں گیس کی قلت

کراچی: سردیاں شروع ہونے سے پہلے ہی گیس کی قلت نے شہر قائد کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔ گیس کی قلت کے حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ شہر میں ہزاروں گیزرآن ہونے کی وجہ سے گیس کی قلت پیدا ہوئی ہے۔

ایس ایس جی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سردیاں آتے ہی کراچی میں شہریوں نے اپنے گھروں میں گیس پر چلنے والے  ہزاروں گیزرآن کردیے جس کے باعث گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کمی کو پورا کرنے کیلیے اتوارکے روز سی این جی اورصنعتی سیکٹرکو گیس کی فراہمی معطل کرنا پڑی۔ اس کے علاوہ سردیوں کی وجہ سے بلوچستان میں بھی گیس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

ایس ایس جی سی نے مزید کہا ہے کہ ڈسٹری بیوشن لائنوں کے آخر میں واقع علاقوں میں گیس پریشر میں کمی ہوسکتی ہے۔